حکمران اقتدار کو مضبوط کرنے کیلئے آئینی ترامیم کر رہے ہیں: شاہد خاقان

ٹیکسلا (نوائے وقت رپورٹ) عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے ٹیکسلا میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے کہا ہے کہ آج دنیا ترقی کر رہی ہے اور پاکستان زوال پذیر ہے، حکمران اپنے اقتدار کو مضبوط کرنے کیلئے آئینی ترامیم کر رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر بیٹھ کر آئے تھے۔ بانی پی ٹی آئی اپنے دور حکومت کی ایک کارکردگی بتا دیں، باقی جماعتوں نے عوام کیلئے کیا کیا؟ آج اشرافیہ کا غلبہ ہے اپنے مفادات کی جنگ لگی ہوئی ہے، پولیس عوام کی حفاظت کی بجائے اشرافیہ کے تحفظ پر لگی ہوئی ہے۔ آئینی ترامیم کا مقصد انصاف کو مکمل ختم کرنا ہے اپنی کرسی کیلئے اس ملک کا مستقبل تاریک کر رہے ہیں۔ مفتاح اسماعیل نے خطاب کرتے کہا کہ موجودہ مہنگائی کی وجہ حکومتی وزراء کی کم عقلی اور نااہلی ہے۔ حکومتی وزراء شاید کسی دکان پر خریداری کیلئے نہیں گئے، دنیا میں کمیشن کم اور ہمارے ہاں مہنگائی ہو رہی ہے۔ الیکشن میں دھاندلی تو  پہلے بھی ہوتی تھی مگر اس بار بہت زیادہ ہوئی، حکومت عوام کو قربانی کا بکرا بنا رہی ہے۔ مگر اپنے اخراجات بڑھا رہی ہے ہمیں حکومتی اخراجات کم کر کے عوام کو ریلیف دینا ہو گا۔ حکومت سبسڈی بھی اشرافیہ کو دیتی ہے انہوں نے معیشت کو جکڑا ہوا ہے۔

ای پیپر دی نیشن