اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) اطالوی بحریہ کے ائیر کرافٹ کیرئیر ITS CAVOUR اور فریگیٹ ITS ALPINO نے 14 سے 16 اکتوبر تک کراچی کا دورہ کیا اور شمالی بحیرہ عرب میں دوطرفہ مشقیں کیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشق کا مقصد سمندر میں مشترکہ آپریشنز کے دوران باہمی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارت کو بڑھانا تھا۔ دورے کے دوران، اطالوی وفد نے اطالوی سفیر کی قیادت میں اطالوی ڈیفنس جنرل سٹاف کے کیپبلٹی ڈائریکٹر کے ہمراہ پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام اور مقامی میڈیا نمائندگان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اطالوی سفیر نے پاک اطالوی بحری اور تجارتی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اہم بحری ممالک کے ساتھ مشترکہ بحری مشقیں خطے میں بحری امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہیں۔