مزید آئی پی پیز سے معاہدے منسوخ کریں تو بجلی 10 روپے یونٹ سستی ہو جائے گی: صنعتکار

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صنعت کاروں نے کہا ہے کہ مزید آئی پی پیز سے معاہدے منسوخ کیے جائیں تو بجلی دس روپے فی یونٹ مزید سستی ہو گی۔ آئی پی پیز ایشو پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز اور ایس ایم تنویر نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2025ء ہماری معیشت کی بہتری کا سال ہے۔ بلند شرح سود کی وجہ سے 27 ارب ڈالر کے برابر رقوم بنکوں میں پڑے ہیں۔ شرح سود کم ہو گی تو سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ ذکی اعجاز نے کہا کہ آئی پی پیز کا معاملہ بہت اہم ہے، ابھی صرف پانچ آئی پی پیز کا معاملہ طے ہوا ہے، مجموعی طور پر 102 آئی پی پیز ہیں، سب کے معاملات بہتر کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ بغیر بجلی بنائے پانچ آئی پیز کو60ارب سالانہ مل رہے تھے، حکومت نے ان پانچ آئی پیز کے معاہدے منسوخ کر دئیے ہیں جس سے 71 پیسے فی یونٹ نرخ کم ہوں گے۔ تمام اخراجات کے ساتھ بجلی نرخ 26روپے فی یونٹ سے زیادہ نہیں ہونے چاہئیں، جتنا جلدی ہو سکے آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی کریں، مہنگی بجلی سے صنعت بند ہو رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن