لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے منصوبے کے تحت طالبہ اور اس کے خاندان کی عزت کو اچھالا ہے۔ انصاف سٹوڈنٹ ونگ کے سابق عہدیداران طلبہ کو اشتعال دلاتے اور اکساتے رہے۔ ان کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔ انصاف سٹوڈنٹ ونگ کے لوگ مار دھاڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احمد خان بھچر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ احمد خان بھچر تحریک انصاف کے آفیشل پیج سے طلبہ کو اشتعال کی ترغیب دی گئی۔ آپ اتنے سیدھے اور بھولے بھالے نہیں جتنے بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انصاف سٹوڈنٹ ونگ کے سابق عہدیدار خود طلبہ کو اشتعال دلاتے رہے ہیں۔ میڈیا کا زمانہ ہے ویڈیو موجود ہیں۔ بہن بیٹیوں کے خلاف گھٹیا پروپیگنڈا کرنا تحریک انصاف کا وطیرہ ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کے اس پروپیگنڈے کا شکار وزیر اعلٰی مریم نواز اور میں بذات خود متعدد بار ہو چکے ہیں۔ ایک جماعت کی گھٹیا مہم کے بعد طلبہ کو احتجاج کے لئے نکالا گیا۔ اب لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے تمام شہروں میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا جن لوگوں نے اس سارے معاملے میں پروپیگنڈا کیا اور فیک معلومات پھیلائی ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا چاہے ان کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو۔