سپریم کورٹ نے 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست واپس لینے پر خارج کر دی

Oct 18, 2024

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔ 26ویں آئینی ترمیم پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف اپیل پر سماعت چیف جسٹس  کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بنچ نے کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے حامد خان عدالت میں پیش ہوئے۔ اور مؤقف اختیار کیا کہ ہم درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ درخواست واپس لینے کے لیے آپ کو انگیج کیا گیا؟، یہ بات تو زبیری صاحب خود بھی کہہ سکتے تھے۔ جس پر ایڈووکیٹ حامد خان نے جواب دیا کہ میں تمام درخواست گزاروں کی جانب سے پیش ہوا ہوں۔ چیف جسٹس نے عابد زبیری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ایک اور درخواست بھی تھی، میں نے بطور چیف جسٹس اس درخواست کو سماعت کے لئے مقرر نہیں کیا، ہو سکتا ہے اب وہ درخواست بعد میں لگے۔ ایڈووکیٹ حامد خان نے جواب دیا آپ کی بڑی مہربانی ہے۔

مزیدخبریں