بیرسٹر گوہر سے ملاقات، قوم سانحہ کار ساز کے شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھے: بلاول

Oct 18, 2024

اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ  خصوصی+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی  ملک بھر میں شہداء سانحہ کارساز کو سلام جمہوریت  پیش کرنے کیلئے آج یوم عقیدت منائے گی۔ اس سلسلے میں حیدر آباد میں جلسہ ہو گا جس سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کی 17ویں برسی کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اس المناک دن کو یاد کرتے ہوئے، جب 180 بہادر جیالوں نے جام شہادت نوش کیا، انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عوام کی خدمت میں جمہوریت، انصاف اور قربانی کے اصولوں پر پاکستان  پیپلز پارٹی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کارساز حملہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی جس میں آمریت اور دہشت گردوں نے مل کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور پارٹی کی مرکزی قیادت کو اس وقت نشانہ بنایا، جب تیس لاکھ لوگ ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ جو لوگ دہشت گردی اور تشدد کے ذریعے جمہوریت کی آواز کو دبانا چاہتے تھے، وہ ناکام ہو چکے ہیں۔ ہم ہر پاکستانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گے اور جمہوریت کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ان کے مشن کو آگے بڑھائیں۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر بخاری  نے کہا کہ 18اکتوبر جیالے شہداء سانحہ کارساز کے نام یوم عقیدت  پیپلز پارٹی کے صوبائی، ڈویژنل، ضلعی، شہری دفاتر میں شہداء سانحہ کارساز کیلئے دعائیہ تقاریب منعقد ہوں گی۔ نیر بخاری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنان کی  آمریت کے خلاف چٹان کی مضبوطی سے جدوجہد آئین کی بالادستی جمہور کے حقوق کی خاطر قربانیوں کی  تاریخ ہے۔ بے نظیر  بھٹو شہید اور شہداء جمہوریت جمہوری جدوجہد  کی تاریخ کا روشن اور انمٹ باب رہیں گے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو نے عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر سے مصافحہ کیا۔ بلاول نے ایوان میں عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر سے گفتگو کی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کے ہمراہ نوید قمر بھی تھے۔

مزیدخبریں