راولپنڈی( نمائندہ خصوصی ) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر عثمان شوکت کی قیادت میں وفد نے اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر احمد نواز سے ملاقات کی۔ وفد میں گروپ لیڈر سہیل الطاف اور سابق صدر اسد مشہدی بھی شامل تھے۔ملاقات میں صدر کے علاقے میں ترقیاتی کام اور پارکنگ ایریا، رنگ روڈ، پر کام تیز کرنے، کینٹ ایریا کی خوبصورتی، تاجروں کے لیے سہولیات ور کینٹ بورڈ میں نمائندگی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔وفد نے اسٹیشن کمانڈر کو بتایا کہ بنک روڈ کو Pedestrian Street بنانے سے وہاں کے کاروباری لوگ متاثر ہو ں گے۔لہذا اس پلان پر نظر ثانی کی جائے۔اسٹیشن کمانڈر نے وفد کو بتایا کہ اگر بنک روڈ کی کاروباری برادری تعاون کرے اور سٹاف کے موٹر سائیکل اور گاڑیاں پارکنگ ایریا میں پارک کرنے پر متفق ہوں تاکہ کسٹمر اپنی گاڑیاں بنک روڈ پر پارک کر سکیں اور خریدارآسانی کے ساتھ خریداری کرسکیں تو پلان پر نظرثانی کی جاسکے گی اسٹیشن کمانڈر کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے صدر عثمان شوکت نے کہا کہ اس سلسلے میں انجمن تاجران کی موجودگی میں آپ کے ساتھ مشاورت کی جائے گی اور اتفاق رائے کے ساتھ مل کر اس کا حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے اسٹیشن کمانڈر کو چیمبر آنے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کیا اور کہا کے وہ اگلے ہفتے چیمبر کا دورہ کریں گے اور تاجروں سے ملاقات کریں گے۔
عثمان شوکت کی قیادت میںراولپنڈی چیمبرکے وفد کی اسٹیشن کمانڈر سے ملاقات
Oct 18, 2024