اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) آئی جی پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹر ل پولیس آفس اسلام آباد میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا،اجلاس میں ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا ،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر سید مصطفی تنویر ،ڈی آئی جی لاء اینڈ آرڈر شاکر حسین داوڑ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی،آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارلحکومت میں حالیہ لاء اینڈ آرڈر کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس 2024کے دوران بھرپور سکیورٹی انتظامات پر افسران کو شاباش دی اور خراج تحسین پیش کیا ،انہوں نے تمام پولیس فورس کی حوصلہ افزائی کے لئے انعامات اور ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر اعزازیہ دینے کا اعلان کیا،انہوں نے کہا کہ تمام پولیس افسران نے بہادری اور شہریوں کی خدمت اور حفاظت کے جذبے کے ساتھ وفاقی دارلحکومت میں امن وامان کو برقرار رکھا،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تمام پولیس افسران نے ایس سی او سمٹ 2024کے دوران غیر ملکی وفود کی رہائش گاہوں،وینیوز ،اور روٹس کی بھرپور سکیورٹی عمل میں لائی ،شہریوں کو متبادل راستوں سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا گیا،ایس سی او سمٹ 2024کی سکیورٹی کے لئے اسلام آباد پولیس نے اپنے تمام تروسائل بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور سکیورٹی انتظامات کئے اورملکی وقار اور تشخص کوبرقرار رکھا،آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ تمام افسران اسی جذبے کے ساتھ شہریوں کی حفاظت اور ان کی خدمت کے لئے کوشاں رہیں۔