با با گورو نانک دیو جی کے جنم دن  کی تقریبات میں سکھ یاتریوں کی  14 نومبر کو پاکستان آمد متوقع

Oct 18, 2024

لاہور( این این آئی) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اور پی ایس جی پی سی کے پردھان رمیش سنگھ اروڑہ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے دفتر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین سید عطاالرحمن نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں بابا گورو نانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ بورڈ کے چیئرمین نے گوردواروں کے لیے انتظامات اور اخراجات کی منظوری دی۔ سید عطاالرحمن نے صوبائی وزیر کو آنے والے ایونٹس کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکھ یاتریوں کے 14 نومبر، جمعرات کو واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچنے کی توقع ہے جبکہ بابا گورو نانک دیو جی کا جنم دن 15 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے اس بات پر زور دیا کہ جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے تمام انتظامی اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ برقرار رکھا جائے۔انہوں نے گوردواروں کی تزئین و آرائش اور یاتریوں کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت دی، ساتھ ہی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کا بھی کہا۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے ویزا کی سہولت کے لیے خودکار سافٹ ویئر کے استعمال کی تجویز دی، یہ کہتے ہوئے کہ بابا گورو نانک کا جنم دن بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یاتریوں کو بہترین رہائش، ٹرانسپورٹ اور لنگر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اجلاس میں کمیٹی کے اراکین، ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عبد اللہ اویس اور دیگر نے شرکت کی۔

مزیدخبریں