اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت )احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے خلاف جہلم میں سڑک کی تعمیر میں خوردبرد کیس میں آئندہ سماعت تک نیب سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 11نومبر تک ملتوی کردی ہے ۔کیس کی سماعت کے دوران فواد چودھری اپنے وکیل فیصل چودھری کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے،،دوران سماعت نیب کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع نہیں کروائی جاسکی اور نیب پراسیکیوٹر نے رپورٹ جمع کروانے کے لیے مزید وقت کی استدعا کی،نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے کہاکہ نیب کے حوالے سے آئینی ترمیم آئی ہے، قانون دیکھنا ہے،فواد چودھری کے کیس میں حقائق دیکھنے ہیں، کچھ وقت درکار ہے،اس موقع پر جج ناصرجاوید رانا نے مسکراتے ہوئے کہاکہ ریفرنس واپس لے لیں،دوران سماعت فواد چودھری روسٹرم پر آکر کہاکہ 6 ماہ سے زائد ہو گئے انکوائری چل رہی ہے،6 ماہ سے زائد انکوائری کے بعد کیس کی قانونی حیثیت نہیں رہتی، نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ رپورٹ جمع کروانے کے لیے دو ہفتے چاہیں، تفتیش کرنی،عدالت نے فواد چودھری کے خلاف کیس کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔