خیبرپختونخوا کا نام تبدیل کیا تو حالات کی زمہ داری ایمل ولی پر ہو گی، صوبہ ہزارہ تحریک

Oct 18, 2024

اسلام آباد (وقائع نگار )کل جماعتی صوبہ ہزارہ تحریک نے خبردار کیا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخواہ کا نام تبدیل کیا گیا تو  حالات کی تمام تر زمہ داری ایمل ولی خان پر ہو گی۔ صوبوں کے حوالے سے اب کسی بھی فیصلے سے پہلے ہزارہ صوبہ بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار صوبہ ہزارہ تحریک کے سربراہ ممبر قومی اسمبلی سردار محمد یوسف، سینیٹر طلحہ محمود، مرتضی جاوید عباسی، پروفیسر سجاد قمر، سردار شاہ جہان یوسف، ڈاکٹر شاہستہ جدون، سردار سید علام، سید جنید قاسم نے اسلام آباد پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چوہدری ماجد مختار، قاری محبوب الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ کے پی کے اسمبلی دو دفعہ صوبہ ہزارہ کی قرارداد منظور کر چکی ہے۔ کیا وہ عوام کی آواز نہیں ہے اس کو کیوں نہیں سنا جاتا۔ صوبہ ہزارہ تحریک پورے ہزارہ کی نمائندگی کر رہی ہے۔ میری تمام جماعتوں کے منتخب نمائندوں سے بات ہوئی ہے۔ چاہے ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہے انھوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اس ترمیم کی مخالفت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ تحریک پر امن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے لیکن کچھ لوگ جان بوجھ کر حالات خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ہماری پر امن جدوجہد ہے۔ ہم اسمبلی اور ایوان بالا میں صوبہ ہزارہ کے بل جمع کرا چکے ہیں۔ ہمارا مطالبہ انتظامی بنیادوں پر ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ انتظامی سطح پر مزید صوبے بھی بنائے جاہیں۔ 

مزیدخبریں