ملکی ترقی غربت و بھوک کا خاتمہ کئے بغیر پائیدار قومی ترقی ممکن نہیں: احسن اقبال

منصوبہ بندی' ترقی اور خصوصی اقدامات کے وفاقی  وزیر احسن اقبال نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے 17 ٹاسک فورسزکی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ٹاسک فورسز ایس ڈی جیز کے حصول کے لئے قائم کی گئی جس میں حکومت' سیاسی جماعتوں اور سرکاری و نجی شعبہ کے ماہرین کو شامل کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے زور دیا کہ سیاسی قوتیں اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین ملک کو ترقی اور خوشحالی کی را ہ پر آگے لے جانے کے لئے اکٹھے ہوں۔انہوں ے کہا کہ سڑکوں پر احتجاج کے بجائے یہ ضروری ہے کہ ہم پارلیمنٹ اور متعلقہ فورمز میں بیٹھیں اور قومی استحکام یقینی بنائیں۔احسن اقبال نے کہا کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے انسانی وسائل کی ترقی ضروری ہے اور غربت و بھوک کا خاتمہ کئے بغیر پائیدار قومی ترقی ممکن نہیں۔وفاقی وزیر نے کہا سترہ میں سے بارہ پائیدار ترقی کے اہداف بالواسطہ اور بلا واسطہ طور پر غربت کے خاتمہ' تعلیمی معیار' صنفی مساوات' صاف پانی اور سستی توانائی سے متعلق ہیں۔

ای پیپر دی نیشن