سندھ حکومت نے کراچی میں 2 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی ،ہر قسم کے جلسے ،جلوس اور ریلیوں پر پابندی عائد کر دی گئی،کمشنر کراچی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا،ایڈیشنل آئی جی کراچی کی درخواست پر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف پولیس کو کارروائی کا اختیار ہوگا۔ 18 اور 19 اکتوبر کو ہر قسم کے مظاہروں، جلوس، دھرنے، ریلیوں اور اجتماع پر پابندی لگائی گئی ہے، پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔یہ بھی بتایاگیا تھا کہ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اداروں کی رپورٹ کی روشنی میں دفعہ 144نافذکی گئی ۔ دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں د و دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی تھی۔ صوبائی محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیاتھا۔ پابندی کا اطلاق جمعہ 18 اکتوبر سے ہفتہ 19 اکتوبر تک ہوگا۔پنجاب کی حکومت نے صوبے میں دو دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ہر قسم کے احتجاج، جلوس اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی تھی۔محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق پابندی کا اطلاق جمعہ 18 اکتوبر سے ہفتہ 19 اکتوبر تک ہو گا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیاگیا کیونکہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی جلوس دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 18اکتوبر کو ملک بھرمیں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی تھی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ نماز جمعہ کے بعد ہر ضلع ہر شہر میں احتجاج کیا جائیگا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان ،پارٹی لیڈرز اور ورکرز کی رہائی کیلئے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔علی امین گنڈاپور نے عوام سے سڑکوں پر نکلنے اپیل کرتے ہوئے کہا تھاکہ غیر آئینی ترامیم کیخلاف قوم کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا آج آواز نہ اٹھائی تو کل ہماری نسلیں بھی یہی سب بھگتیں گی۔
سندھ حکومت نے کراچی میں 2 روز کیلئے دفعہ 144 نافذد کر دی
Oct 18, 2024 | 14:45