یحییٰ السنوار کے قتل کے بعد اسرائیلی فوج اگلے ہدف کا تعین کررہی ہے:اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج نے جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ اسرائیل حماس کےسیاسی شعبے کے سربراہ یحییٰ السنوار کے بھائی محمد السنوار اور تحریک کے تمام عسکری رہ نماؤں کی پوری تندہی کے ساتھ تلاش کر رہا ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگاری نے کہا کہ "آئی ڈی ایف غزہ میں حماس اور اس کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی"۔انہوں نے اس بات کی بھی تردید کی کہ اسرائیل شمالی غزہ کا محاصرہ کرنے کے "جرنیلوں کے منصوبے" پر عمل درآمد کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے اپنے منصوبے ہیں جو بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہیں۔حماس کے رہ نما یحییٰ السنوار کے بھائی محمد السنوار نے ماضی میں القسام بریگیڈ کے خان یونس بریگیڈ کے کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دیں۔محمد السنوار کو غزہ کی سرنگوں کا انجینیر سمجھا جاتا ہے، کیونکہ اس نے پٹی میں زیر زمین سرنگوں کے نیٹ ورک کی تعمیر کے لیے سب سے بڑے منصوبوں پر عمل درآمد کیا تھا۔ انھیں حماس تحریک کی قیادت میں اپنے بھائی کا ممکنہ جانشین بھی سمجھا جاتا ہے۔جمعرات 17 اکتوبر 2024 کی شام کو اسرائیلی فوج نے حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ یحییٰ السنوار کو پورا سال تعاقب کرنے کے بعد قتل کرنے کا اعلان کیا۔اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھی السنوار کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ "ہماری قوم کی تاریخ کا سب سے ہولناک قتل عام کرنے والے شخص کو ختم کر دیا گیا، لیکن جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، اور ہمیں مغویوں کو بازیاب کرانا چاہیے‘‘۔

ای پیپر دی نیشن