پاکستان نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کو تیئیس رنز سے شکست دے دی۔

اوول میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کوتیئیس رنزسے ہرا کرسیریزمیں پہلی کامیابی حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے انچاس اعشاریہ چاراوورز میں دو سو اکتالیس رنزبنا کرآؤٹ ہوگئی ۔ آٹھ کے مجموعی سکورپردونوں اوپنرزمحمد حفیظ ایک جبکہ کامران اکمل پانچ رنزبنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اکتیس کے مجموعی سکورپرمحمد یوسف سولہ رنز بنا کر جیمزاینڈرسن کا شکار بنے۔ فواد عالم اوراسد شفیق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں چونسٹھ رنزکا اضافہ کیا۔ اسد شفیق نے چالیس جبکہ فواد عالم نے چونسٹھ رنزبنائے۔ کپتان شاہد آفریدی نے چونتیس اورعبدالرزاق نے اکتیس رنز کی اننگزکھیلی۔ انگلینڈ کی طرف سے جیمزاینڈرسن اورٹِم بریسنن نے تین، تین کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم پینتالیس اوورزمیں دو سو اٹھارہ رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی طرف سے ایون مورگن اکسٹھ اور کپتان اینڈریو سٹراس ستاون رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے عمر گل نے شاندارباؤلنگ کرتے ہوئے چھے کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ عبدالرزاق نے دو جبکہ شعیب اختراورسعید اجمل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ای پیپر دی نیشن