مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی ریاستی دہشتگردی سے مزید چار کشمیری شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم اور فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کی شہادت کا سلسلہ زور پکڑتا جارہا ہے۔ وادی کے علاقے اننت ناگ میں فوج نے جنازے کے جلوس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک کشمیری شہید جبکہ چودہ زخمی ہوگئے۔ ایک اور کارروائی میں پرامن مظاہرین پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے تیس سالہ شخص شہید اور دو خواتین سمیت متعدد زخمی ہوگئے ۔ ادھر بینیمہ اور شوپیاں میں بھارت مخالف مظاہروں کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو نوجوان چل بسے۔ دوسری جانب مقبوضہ وادی میں نئے فوجی دستوں کی تعیناتی سے کرفیو میں مزید سختی آگئی ہے۔ مسلسل سات روز سے جاری کرفیو کے باعث متعدد علاقوں میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور عوام کو اشیائے خوردونوش کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجی قابض انتظامیہ نے حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق ، سیدعلی گیلانی اورعباس انصاری کے گھروں کو خار دار تاروں سے سیل کردیا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن