اسلام آباد /راولپنڈی (سٹاف رپورٹر +آن لائن)پاکستان نے ملکی سطح پر تیارکردہ 700کلو مےٹر تک مار کرنےوالے ملٹی ٹیوب کروز میزائل حتف7 بابر کا کامیاب تجربہ کےا ہے۔یہ میزائل اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کے علاوہ سطح زمےن کے ساتھ کم بلندی پر پرواز کرتے ہوئے ہر طرح کے روایتی اور ایٹمی وار ہیڈز لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل میں ریڈارپر نظر نہ آنے والی ٹیکنالوجی سٹیلتھ استعمال کی گئی ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جاریکردہ پریس ریلیز کے مطابق حتف 7 کروز میزائل سمندر اورزمین میں ہر قسم کے ہدف کو آسانی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اس کے علاوہ یہ میزائل نچلی پرواز کرنے کے ساتھ ساتھ ہر طرح کے ایٹمی اور روایتی وار ہیڈز بھی لے جاسکتا ہے۔ اہم بات ےہ ہے کہ ملٹی ٹےوب لانچر کی مدد سے اےک ہی گاڑی پر نصب متعدد بابر مےزائلوں کو بےک وقت کئی اہداف پر داغا جا سکتا ہے۔میزائل تجربہ ایس پی ڈی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل خالد احمد قدوائی کی نگرانی میں کیا گیا ۔ تجربہ کے موقع پر این سی اے میزائل کنٹرول کمانڈ سسٹم بھی نصب کیا گیا تھا۔ کامیاب تجربے پر صدر آصف علی زرداری ،وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے ایٹمی سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی ہے۔