لاہور + کراچی (خصوصی نامہ نگار + خصوصی رپورٹ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ ناموسِ رسالت کی پاسبانی کے لئے اُمت مسلمہ انڈونیشیا سے مراکش تک متحد ہے اور ہر مسلمان ناموسِ رسالت کے تحفظ کے لئے غازی علم الدین شہید کے جذبے سے سرشار ہے۔ مغرب اور امریکہ ناموسِ رسالت پر حملے کر کے آگ سے نہ کھیلیں۔ گستاخانہ فلم پر پاکستانی حکمرانوں کا کمزور احتجاج ان کے کمزور ایمان اور غلامانہ ذہنیت کا ثبوت ہے، حکمران امریکہ سے نہیں خدا سے ڈریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی سے لاہور پہنچنے پر لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا اور پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ناموسِ رسالت کے تحفظ کے لئے جان دے بھی سکتے ہیں اور جان لے بھی سکتے ہیں۔ گستاخانہ فلم کی تیاری میں شریک تمام افراد کو گرفتار کر کے پھانسی پر لٹکایا جائے اور فلم پر پابندی لگائی جائے۔ علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام احتجاجی تحریک کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لئے منگل 18 ستمبر کو دو بجے دن سنی اتحاد کونسل کے دفتر لاہور میں تنظیماتِ اہلسنّت کا مشترکہ اجلاس ہو گا۔ اجلاس میں چالیس سے زائد اہلسنّت جماعتوں کے رہنما شریک ہوں گے۔ دریں اثناءسنی اتحاد کونسل نے تحفظ ناموس رسالت مہم کا اعلان کر دیا۔ امت کے مطابق صاحبزادہ فضل کریم نے کہا گستاخانہ فلم کے خلاف او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلایا جائے۔ امریکہ کے خلاف تحریک نفرت کا دائرہ عالمی سطح پر پھیلایا جائے گا، کسی صورت توہین رسالت برداشت نہیں کریں گے۔
فضل کریم