لاہور (خبر نگار) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت، پاکستان میں دہشت گردی کروا رہے ہیں۔ پاک فوج کے جرنیل کو افغان صوبہ کنہڑ میں موجود مولوی فضل اللہ کے افراد نے مارا۔ فضل اللہ امریکہ، بھارت اور کرزئی کی پناہ میں کنہڑ میں بیٹھا ہے۔ ہمارے حکمرانوں کو کھل کر دنیا کو بتانا ہوگا۔ مگر بدقسمتی ہے کہ ہمارے حکمران امریکہ اور بھارت کا نام لیتے ہوئے شرماتے ہیں۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ آج جو بھی صلح کرانے کی کوشش کرے گا، اس کی جان خطرے میں پڑ جائے گی۔ امریکہ بھی صلح کو پسند نہیں کرتا۔ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستانی فوج مغربی سرحد پر مصروف رہے۔ حکومت ہمت کرے قوم ساتھ دے گی۔ ہم سپرپاور سے حالت جنگ میں ہیں جبکہ بھارت اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ بھارت کے سینے پر اس وقت سانپ لوٹ رہا ہے کہ صلح ہوگئی تو اس کا سب کیا دھرا ناکام ہوجائے گا۔
امریکہ، بھارت دہشت گردی کرا رہے ہیں، حکمران کہنے سے شرماتے ہیں: حمید گل
Sep 18, 2013