لاہور (نیوز رپورٹر) خصوصی مشیر برائے صحت وزیر اعلی پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت ڈینگی کے حوالے سے انتہائی الرٹ پوزیشن میں اور صوبہ بھر میں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے جس کیلئے دن رات کام کیا جا رہا ہے اور اگر اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رہا تو آئندہ دو سے تین سال کے دوران ڈینگی کو مکمل طور پر کنٹرول کر لیا جائے گا۔ وہ الحمرا ہال میں پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشن کے زیر اہتمام ’’ڈینگی آگاہی سیمینار‘‘ سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خلیل طاہر سندھو‘ پروفیسر جاوید اکرم‘ ڈاکٹر صومیہ اقتدار‘ ڈاکٹر طارق محمود میاں اور دیگر موجود تھے۔ سلمان رفیق نے کہا ڈینگی وائرس سندھ اور کے پی کے سے پنجاب کی جانب بڑھ رہا ہے جسے بارڈرز پر روکنا ہو گا۔