لاہور (نیوز رپورٹر) غریب اور مستحق مریضوں کی جگر کی پیوند کاری کے لئے انہیں بیرون ملک بھیجنا نہیں پڑے گابلکہ سرکاری خرچ پر ایسے مریضوںکو علاج معالجہ کی سہولیات نجی شعبہ کے تعاون سے اندرون ملک مہیا کی جائیں گی۔ یہ بات وزیرصحت پنجاب خلیل طاہر سندھو نے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب حسن اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری صحت (ٹیکنیکل) ڈاکٹرانور جنجوعہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ وزیر صحت نے کہاکہ سردست جگر کی پیوندکاری کی سہولت الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں دستیاب ہے جبکہ شیخ زید ہسپتال لاہورمیں بھی پیوندکاری کے شعبہ کو ترقی دی جا رہی ہے۔ الشفاء ہسپتال اسلام آباد کے ساتھ معاملات طے کرنے کے لئے ایک سب کمیٹی تشکیل دی گئی جو ایک ہفتہ کے اندر الشفاء اور شیخ زائد ہسپتال لاہو رکا دورہ کر کے دونوں ہسپتالوں کی انتظامیہ سے ملاقات کرے گی اور MOU سائن کرنے کے لئے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی کے کنوینئر پروفیسر آفتاب محسن ہوں گے۔
جگر کی پیوند کاری کی سہولت اندرون ملک مفت مہیا کی جائیگی: خلیل طاہر سندھو
Sep 18, 2013