لاہور (خبر نگار) علامہ اقبال ائرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول مکمل تباہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز درجن سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ بھی بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ شام اسلام آباد سے لاہور آنیوالی اور لاہور سے اسلام آباد جانیوالی پروازیں اور کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ دوبئی سے آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پونے دو گھنٹوں کی تاخیر سے پہنچی۔ کراچی سے آنیوالی پی کے 302 چار گھنٹوں کی تاخیر سے پہنچی جبکہ کراچی جانیوالی پی کے 303 سوا چار گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ ریاض جانیوالی شاہین ائرلائنز کی پرواز سوا چھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ پی آئی اے کی دوبئی جانیوالی پرواز دو گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ پشاور سے آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 441 ساڑھے 6 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ دوبئی جانیوالی شاہین ائرلائنز 4 گھنٹوں کی تاخیر سے روزنہ ہوئی۔ دہلی جانیوالی پی آئی اے کی پرواز 4 گھنٹے تاخیر سے دہلی گئی جبکہ دہلی سے آنیوالی پی آئی اے کی پرواز 4 گھنٹوں کی تاخیر سے رات 9 بجے لاہور پہنچی۔ شاہین ائرلائنز کی ریاض سے آنیوالی پرواز سوا چھ گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔ دوبئی سے آنیوالی شاہین ائرلائنز 4 گھنٹوں کی تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ دوبئی سے آنیوالی پی آئی اے کی پرواز ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔ کوئٹہ سے آنیوالی شاہین ائرلائنز کی پرواز منسوخ کر دی گئی۔