کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کرنے دیں گے: اسلام آباد ہائیکورٹ، عوامی تحریک، پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف مقدمہ خارج کرنیکا حکم

Sep 18, 2014

لاہور+ اسلام آباد+ گوجرانوالہ (وقائع نگار+ وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں+ نامہ نگار) ہائیکورٹ نے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے 110کارکنوں کی نظربندی کے خلاف گیارہ درخواستیں نمٹاتے ہوئے ہوم سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ پانچ روز میں عرضداشتوں پر فیصلہ کریں۔ مسٹر جسٹس جیمز جوزف اور مسٹر جسٹس محمد قاسم خان نے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی نظربندی کے خلاف گیارہ درخواستوں کی الگ الگ سماعت کی۔ ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے دفعہ     144کی خلاف ورزی پر عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف درج ایف آئی آر خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ملک میں کوئی غیرآئینی اقدام نہیں کرنے دیں گے، پولیس مجسٹریٹ کی اجازت کے بغیر کیسے لوگوں کو گرفتار کر سکتی ہے۔ چیف جسٹس نے پولیس کے نمائندے سے استفسار کیا کہ لوگوں کو گرفتار کرنے کے حوالے سے مجسٹریٹ کا حکم نامہ آپ کے پاس موجود ہے جس پر وہ عدالت کو مطمئن نہ کر سکا۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں دفعہ 144کے نفاذ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت 19ستمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے جہانگیر ترین سے مخاطب ہوتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آپ کو عدالتوں پر اعتماد کرنا ہو گا، کوئی بھی قانون سے تجاوز نہیں کر سکتا، عدالتیں بنیادی انسانی حقوق کی حفاظت کے لئے موجود ہیں، پولیس کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یا مجسٹریٹ کے حکم پر کام کرنا ہوتا ہے، پاکستان تحریک انصاف کو یقین دہانی کروانی ہو گی کہ کسی سرکاری عمارت کو نقصان نہیں ہو گا، پی ٹی وی واقعہ کی طرح شدت پسند ایسے واقعات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ آج کے بعد کوئی قانون سے تجاوز کا واقعہ ہوا تو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ذمہ دار ہو گا مگر تحریک انصاف یا کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے گا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے نظربند کارکنوں کی رہائی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پر ڈی سی او گوجرانوالہ نے 132کارکنوں کو سینٹرل جیل سے رہا کرنے کا حکم دیدیا ہے۔حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سٹی پولیس نے تحریک منہاج القرآن کے تین کارکنوں کو پولیس پر حملہ آور ہونے کے مقدمہ میں گرفتار کر لیا ہے۔

مزیدخبریں