کراچی: پولیس کا سرچ آپریشن، مقابلہ، بم حملہ،7 طالبان مارے گئے، پرتشدد واقعات میں4 افراد جاں بحق

کراچی (نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز) کراچی میں بدھ کے روز پولیس مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان کے 7 کارندے مارے گئے جبکہ تشدد کے دیگر واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کی افغان بستی میں مشکوک افراد موجود ہونے کی اطلاع پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا جس پر کالعدم تحریک طالبان کے کارندوں نے فائرنگ کردی اور دستی بم پھینکا جس کے پھٹنے سے دھماکہ ہوا جس سے ان کا ٹھکانہ تباہ ہوگیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد مارے گئے ایک کو زندہ گرفتار کرلیا گیا، 3 ندی کے راستے فرار ہوگئے، ساتوں افراد کی نعشیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کردی گئیں۔ پولیس مقابلہ 2 گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ پولیس نے بھاری گولہ بارود، بم اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ قبل ازیں نارتھکراچی کے سیکٹر فائیو بی میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ایک شخص 38 سالہ محمد حفیظ کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گلشن معمار کے علاقے احسن آباد میں مسلح افراد نے 30 سالہ شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے کے بعد فرار ہوگئے جب کہ کھوکھرا پار کے علاقے غریب آباد میں مسلح افراد نے ایک نوجوان 25 سالہ سہیل کاکا کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا پولیس کے مطابق مقتول حال ہی میں مسقط سے آیا تھا۔ دریں اثناء ڈی جی سندھ رینجرز میجر جنرل رضوان اختر نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی اور کراچی میں جاری آپریشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کراچی میں بلاتفریق کام کررہی ہے۔ شہر کے مختلف حساس مقامات پر سکیورٹی کے مناسب اقدامات کئے گئے ہیں۔ قبل ازیں ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت آپریشنل کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں پر قابو پانے پر غور کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...