کراچی (آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وکوچ جاوید میانداد نے شاہد آفریدی کو نیا ٹی ٹوئنٹی کپتان بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں خبردار کیا ہے کہ وہ اس عہدے کو آسان نہ سمجھیں۔ایک انٹرویو میں میانداد نے کہا کہ آفریدی کی بیٹنگ فارم ٹیم کے لئے بہت اہم ہو گی اور یہ کہ پاکستان ان کی غیر مستقل مزاجی کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔ایک سو چوبیس ٹیسٹ میچ کھیلنے والے میانداد کے مطابق، آفریدی کو اپنی بیٹنگ پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اسے بہتر بنانا ہو گا۔پی سی بی کے سابق ڈائریکٹر جنرل میانداد نے بظاہر ون ڈے کی کپتانی کی طرف اشارتاً کہا کہ بورڈ کو فیصلہ کرنے میں جلدی نہیں کرنی چاہیئے۔اگر جگہ خالی ہے اور اس پر تقرری کرنا ہے تو اس عہدے کے لئے زیر غور کھلاڑی کو طلب کیا جائے اور ان سے پوچھا جائے کہ وہ کس طرح ٹیم کو بہتر بنائیں گے'۔میانداد کے مطابق 'تقرریاں خالصتاً کارکردگی کی بنیاد پر ہونی چاہیں'۔سابق بلے باز نے کہا کہ ون ڈے ٹیم کے موجودہ کپتان مصباح الحق کے لئے بہتر ین راستہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پرفارمنس کے ذریعے تنقید کرنے والوں کو جواب دینا ہے۔انہوں نے مصباح کو مشورہ دیا کہ وہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں غلطیوں کو نہ دہرائیں۔میانداد کے خیال میں سعید اجمل کے بغیر پاکستان کا باؤلنگ اٹیک کمزور ہو گا اور اسی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بلے بازوں کا کردار مزید اہم ہو جاتا ہے۔