عمران کو سیاسی شہید بننے نہیں دینگے، خیبر پی کے میںوعدے پورے کریں: اسفند یار

Sep 18, 2014

چارسدہ (اے این این+ اے پی پی) عوامی نیشنل پارٹی کے  سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہاہے کہ عمران خان کو سیاسی شہید نہیں بننے دینگے، خیبر میں حکومت بنانے کے بعد جو وعدے کئے تھے وہ پورے کریں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے میں 18 جنازے پڑے تھے اور صوبے کے وزیراعلیٰ اسلام آباد میں سٹیج پر ڈانس کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے وفاقی دارالحکومت کو ایک ماہ سے گھیرے میں لے رکھا ہے جس سے ملک کو بہت نقصان پہنچا۔ دونوں دھرنے آئین اور قانون کے خلاف ہیں۔ اپنے ردعمل میں خصوصی گفتگو کرتے انہوں نے کہا دھرنوں سے تعلق رکھنے والے جن کارکنوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور جو لوگ پی ٹی وی کے اندر گھس گئے، وزیر داخلہ کو چاہیے کہ وہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ان افراد کے خلاف کارروائی کر کے انہیں گرفتار کریں اور ان کو قانون کے مطابق سزائیں دیں۔ دھرنوں کی وجہ سے مالدیپ، سری لنکا اور چین کے صدور کے دورے ملتوی ہوئے جس سے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا تشخص پامال ہوا بلکہ معیشت کو کافی نقصان پہنچا جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے نائب صدر و رکن قومی اسمبلی غلام احمد بلور نے کہا کہ دھرنوں کا ایک ماہ گزر گیا اور دونوں جماعتیں وزیراعظم کے استعفے کے حوالے سے ہٹ دھرمی کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ حکومت کو کسی بھی طریقے سے دھرنوں کو  یہاں سے ختم کرانا چاہئے۔ نواز شریف ملک کے آئینی وزیراعظم ہیں، تحریک انصاف کا استعفیٰ کا مطالبہ غیر آئینی ہے۔ وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کروڑوں عوام کے حقوق پر ڈاکہ ہے۔
اسفند یار

مزیدخبریں