انٹرنتائج کا اعلان :لاہور میں کامیابی کاتناسب 60.85 گوجرانوالہ 38.51 فیصد رہا

لاہور + گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) پنجاب میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے و الے طلبہ بازی لے گئے۔ گوجرانوالہ بورڈ میں آئی کام پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے خرم سجاول کے والد معذور اور ایک ہوٹل میں کرتے ہیں اور وہ اپنے والد کے ساتھ اپنے چچا کے گھر رہائش پذیر ہیں جبکہ خرم کی والدہ اور بہن 2005 ء میں آنے والے زلزلے میں جاں بحق ہوگئی تھیں۔ خرم سجاول کا کہنا ہے کہ تنگدستی کے باعث تعلیمی اخراجات برداشت سے باہر ہیں، حکومت سرپرستی کرے تو مزید تعلیم حاصل کروں گا۔ وزیرآباد سے نامہ نگارکے مطابق سوہدرہ کے رہائشی ٹانگ سے محروم سبزی فروش مہرذوالفقار کے ہونہار بیٹے فہد ذوالفقار نے گوجرانوالہ بورڈ کے پری میڈیکل کے سالانہ امتحانات میں 1034 نمبر حاصل کرکے بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ذہین طالب علم کا والد گائوں میں چھوٹی سی دوکان پر سبزی فروخت کرتا ہے جبکہ اسکی والدہ مسرت بی بی قرآن کی حافظہ ہیں اور جامعہ عائشہ صدیقہ مدرسہ میں بچیوں کو دینی تعلیم دے رہی ہیں۔ سمبڑیال سے نامہ نگارکے مطابق سمبڑیال کے محلہ واٹر ورکس کے رہائشی بیماری میںمبتلا محمدحسین کے بیٹے عامر حسین نے گوجرانوالہ بورڈ انٹر کے سالانہ امتحان پری انجینئرنگ میں 1036 نمبر حاصل کر کے دوسری جبکہ مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ عامر حسین کے والد اکثر بیمار رہتے ہیں جبکہ والدہ گھر میں فٹ بال سلائی کر کے تمام گھریلو اخراجا ت پورے کرتی ہیں۔ عامر حسین دو بہنوں کا اکلوتا بھائی ہے۔ بہاولپور سے نامہ نگارکے مطابق تعلیمی بورڈ بہاولپور میں 1050 نمبر حاصل کر کے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے حسین احمد مدنی نے بتایا کہ میرے والد جام نیاز احمد کا خانپور میں میڈیکل سٹور ہے۔ 1045 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے محمد طلحہ مقصود نے بتایا میں صادق آباد کا رہائشی ہوں اور میرے والد مقصود احمد بینک میں ملازم ہیں اور میری والدہ وحیدہ فیض ٹیچر ہیں۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق آرٹس گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طالب علم نعمان محمود اسدی لاہور ٹول پلازہ میں ٹکٹ دینے کی ملازمت کر رہا ہے۔ ڈیرہ غازیخان سے بیورورپورٹ کے مطابق ’’میں نے جس منزل کے بارے میں سوچا تھا اس منزل کو میں نے پا ہی لیا ہے ‘‘یہ بات انٹر میڈیٹ کے علمی، ادبی و کامرس گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے چناب سائنس سکول اینڈ کالج گل والا، خان گڑھ (مظفر گڑھ ) کے بصارت سے محروم طالبعلم محمد عامر شہزاد نے ایک خصوصی انٹر ویو میں کہی انہوں نے کہا کہ میں بصارت سے محروم ہونے کے باوجود مایوس نہیں ہوا اور نہ ہی گھر بیٹھا۔ انہوں نے بتایا سکول ٹائم کے علاوہ 8گھنٹے تک پڑھتا تھا۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق لاہور بورڈ کے سالانہ امتحان میں 149276 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 90827 امیدوار کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 60.85% رہا نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں ایوانِ اقبال کمپلیکس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات اور اساتذ ہ کو نقد انعامات اورمیڈلز کے ساتھ نوازا گیا تقریب کے مہمان خصوصی رانا مشہود احمد خان صوبائی وزیر تعلیم تھے۔لاہور بورڈ کی طرف سے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن لینے والوں کو بالترتیب تعریفی اسناد کے ساتھ مبلغ 20,000 ، 15,000 اور 10,000 روپے کیشن پرائز کے ساتھ گولڈ ، سلور اور براس کے میڈلز بھی تقسیم کیے گئے۔ جبکہ اُن کے اساتذہ کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے مجھے ان ہونہار طلبا و طالبات کی کامیابی پر دلی خوشی ہوئی ہے اور ایسے بچوں و بچیوں کی کامیابی پر زیادہ خوشی ہے جنہوں نے کم وسائل کے باوجود نمایاں پوزیشنیں حاصل کی ہیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں انٹر پارٹ ٹو کے امتحان میں کل 113259 امیدواروں نے حصہ لیا ۔ 58194 پاس ہوئے۔ کا میا بی کا تناسب 38. 51فیصد رہا پوزیشن ہو لڈرز میں انعامات تقسیم کر نے کیلئے بورڈ ہا ل میں تقریب کا انعقاد کیا گیاجس کے مہمان خصو صی ایم پی اے عبدالرؤف مغل تھے جبکہ تعلیمی اداروں کے سربراہوں، اساتذہ اور بچوں کے والدین نے تقریب میں کثیر تعداد میں شرکت کی۔اوور آل پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے محمد عبداللہ اور سید جازب حسین نے کا میا بی کا جشن منا تے ہو ئے پش اپس بھی لگائے۔ بہاولپور سے نامہ نگارکے مطابق صوبائی وزیر امداد باہمی و چیئرمین چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملک محمد اقبال چنڑ نے تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کوئی بھی ملک تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور ٹانگیں کھینچنے والے باز نہ آئے تو عوام انکو اٹھا کر باہر پھینک دیگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے سفارش کی جائیگی۔ آرٹس گروپ میںدوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طالب علم نعمان محمود اسدی جو لاہور ٹول پلازہ میں ٹکٹ دینے کی ملازمت کررہا تھا، کومفت تعلیم کی سہولت دی جائے۔ بہاولپور میں کامیابی کا تناسب 57.81فیصد رہا۔ سرگودھا بورڈ کا امسال مجموعی طو رپر نتیجہ 64.85 فیصد رہاجوسابقہ شرح سے بہت بہتر ہے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 82 ہزار 178 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 47 ہزار 681 کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 58.02 فیصد رہا۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق انٹر میڈیٹ کے امتحان میں 34620طلباء و طالبات نے اپلائی کیا جن میں سے 33664نے حصہ لیا اور ان میں سے 19384طلباء و طالبات کامیاب ہو ئے بورڈ کا رزلٹ 57.58فیصد رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن