اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان نے روز نامہ نوائے وقت کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے فتح جنگ سے سیر کیلئے اسلام آباد آنے والی فیملی کو حراساں کرنے والے پولیس اہلکار فوری طور پر معطل کرنے اور واقعے کی باقاعدہ انکوائری شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ہفتے کے روز شائع ہونے والی ایک خبر میں بتایا گیا کہ عید کی خوشیاں منانے سیر و تفریح کی غرض سے دارالحکومت آنے والی فتح جنگ کی ایک فیملی کو دو پولیس اہلکاروں کی جانب سے حراساں کیا گیا اور کئی گھنٹے زیرِ حراست رکھنے کے بعد ہزاروں روپے بٹور کر انہیں واپس جانے کی اجازت دی گئی۔ فیملی کے افراد کی جانب سے وزیرِ داخلہ سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کی گئی۔ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیرِداخلہ نے متعلقہ اہلکاروں کی فوری معطلی کے احکامات جاری کئے اور واقعے کی باقاعدہ انکوائری کرنے کا حکم دیا۔ وزیرِداخلہ نے حکم دیا کہ مفصل انکوائری کے نتیجے میں اگر مذکورہ اہلکاروں پر الزام ثابت ہو جائے تو انہیں نوکری سے فارغ کر دیا جائے۔ ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق وزیرِداخلہ نے کہا ہے کہ کسی پولیس اہلکارکی جانب سے معصوم شہریوں کو ناجائز اور بے جا تنگ کئے جانے کی شکایت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسی کسی شکایت پر مذکورہ اہلکار کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نوائے وقت کی خبر پر وزیرداخلہ کا نوٹس شہریوں کو ہراساں کرنے والے اہلکار معطل
Sep 18, 2016