کراچی(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ امریکی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کو دہشتگرد تنظیم قرار دیا ہے،رابطہ کمیٹی کو پاکستان میں کالعدم قرار دیا جائے، رینجرز کہتی ہے کہ امجد صابری کے قاتل ایم کیو ایم کے لوگ ہیں۔ وہ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا امریکی عدالت ڈسٹرکٹ کورٹ کیلفورنیا نے متحدہ موومنٹ کو تیسرے درجے کی دہشتگرد تنظیم قرار دیاہے، ایم کیو ایم کے دہشتگرد ہونے کا ذکر ایک مقدمے کے فیصلے میں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کارکن کوثر جمال نے جلاوطنی کی درخواست دی تھی جو امریکی عدالت نے خارج کردی۔ امریکی عدالت کی طرح کینیڈین عدالتیں بھی ایم کیو ایم سے متعلق فیصلے دے چکی ہیں۔ نئی ایم کیو ایم، ایم کیو ایم (ن) ہے۔ علی زیدی نے کہاکہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین برطانیہ اور امریکیوں کے اثاثہ ہیں، امجد صابری کے قتل کی انکوائری کی جائے۔