حیدرآباد(نمائندہ نوائے وقت) فنکشنل لیگ سندھ کے صدر پیر صدرالدین شاہ راشدی کا حیدر آباد پارٹی ورکرز کنونشن میں بڑا اعلان، کہتے ہیں کہ چور لٹیروں کا وقت ختم، کارکنان تیاری کریں ملک میں ساٹھ سے ستر دن اہم ہیں پاک فوج نے سرحدوں کی حفاظت کا حلف لیا ہے اب ملک کی حفاظت بھی پاک فوج کریگی، نومبر کے مہینے میں ملک میں بڑی تبدیلی رونما ہوگی۔ گروہڑی شریف کی پیش گوئی پوری ہونے والی ہے اقتدار فنکشنل لیگ کا ہے۔ ان خیالات کا انہوں نے حیدرآباد میں فنکشنل لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر صدرالدین شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ ہمیں وقت کا انتظار تھا سب نے وقت کا انتظار کیا اور اب وہ وقت قریب آگیا ہے آئندہ ساٹھ سے ستر روز میں تبدیلی آرہی ہے ورکرز جو ناراض ہوچکے انہیں منایا جائے۔ الیکشن ہو یا نہ ہو ہمیں اکثریت دکھانی ہے۔ میرا اشارہ سمجھ لیں۔ کام کی بات پر دھیان دیں گروہڑی شریف کی پیش گوئی ہے کہ فنکشنل لیگ کو اقتدار ملے گا۔ کنونشن سے فارغ ہوکر ہر ورکرز ناراض دوست کے پاس جانا ہے انہیں منانا ہے۔ محرم الحرام کے بعد تیسرا ورکرز کنونشن منعقد کرینگے۔ چاہے کچھ بھی ہوجائے ہمیں ملک کو خطرات سے بچانا ہے۔ ملک کو مشکل وقت میں فوج ہی سنبھالتی ہے اور وہ وقت اب قریب آگیا ہے۔ معاشی دہشتگرد اب ملک سے فرار نہیں ہوسکیں گے۔ امریکی صدر کی جو دھمکی ہے وہ سی پیک کی وجہ سے ہے انہیں سی پیک برا لگ رہا ہے ہمیں اپنی آزاد خارجہ پالیسی بنانا ہوگی۔ ہمیں دھمکیاں مرعوب نہیں کرسکتی۔ اب ستر سال کے بعد ہمیں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس قدرتی وسائل ہیں دریا سمندر پہاڑ سب منرلز ہیں2020 میں دنیا میں سب سے بہترین ملک پاکستان ہوگا۔
ملک کو مشکل وقت میں فوج سنبھالتی ہے‘ وہ وقت قریب آگیا: پیرپگاڑا
Sep 18, 2017