جنیوا (این این آئی) اقوام متحدہ کے نمائندے الفریڈ دی زیاس نے جنیوا میں منعقدہ ایک سیمینار کے موقع پر کشمیری اور فلسطینی کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ حق خودارادیت کے مطالبے پرقائم رہیں اور دنیا کو ان کی بات ہر صورت سننا پڑے گی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے 36ویں اجلاس میں شریک کشمیری وفد کی قیادت کرنے والے الطاف وانی نے الفریڈ کے خیالات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کے انسانی حقوق کے کارکنوں پر زور دیا وہ عالمی طاقتوں اور بین الاقوامی رائے عامہ پر اپنا دبائو برقرار رکھیں۔ فلسطین اور کشمیر سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے کارکنوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے وہ حق خودارادیت کے معاملے پر سخت موقف اختیار کرے۔ کشمیری وفد کے ارکان حسن البناء اور شگفتہ اشرف نے اس موقع پر شرکاء کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔