اشک آباد (آئی این پی ) پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوگیا۔ تاجک صدر نے کہا پاکستان کی دسویں نمائش میں اپنا تجارتی وفد بھیجیں گے، تاجکستان پاکستان کے ساتھ براہ راست فضائی رابطے بحال کرنے کے اقدامات بھی کریگا۔ اتوار کو اشک آباد میں صدر ممنون حسین اور تاجک ہم منصب امام علی رحمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کومزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر اظہار خیا ل کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان زمینی، فضائی اور ریل کے رابطے، تجارت اور خوشحالی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہونگے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کاسا 1000 منصوبوں کی بروقت تکمیل کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ تاجکستان کے صدر نے یہ یقین بھی دلایا کہ تاجکستان پاکستان کے ساتھ براہ راست فضائی رابطے بحال کرنے کے اقدامات بھی کریگا۔