حیدر آباد(اے این این) سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین اور جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ دینی جماعتیں اگلا الیکشن مشترکہ پلیٹ فارم سے لڑسکتی ہیں۔ حیدرآباد میں عشق رسولؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام دینی جماعتیں 2018 ء کے عام انتخابات میں مشترکہ پلیٹ فارم سے حصہ لینے پر آمادہ ہیں اور اس حوالے سے کوششیں جاری ہیں، عام انتخابات میں ہمارے ووٹ کو چوری کیا گیا تو اسکا تعاقب کریں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں اسلامی حکومت ہوتی تو میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح نہ کاٹا جاتا جب کہ بھارت سمیت بعض ممالک پاکستان کو ہڑپ کرنے کے لیے کمربستہ ہیں۔ نیٹ نیوز کے مطابق انہوں نے کہا جے یو آئی کی کوشش ہے آئندہ الیکشن میں دینی جماعتوں کا اتحاد بنے۔ سندھ کے عوام جاگیرداروں سے تنگ آ چکے ہیں۔ امریکی دھمکیوں کے بعد پاکستان میں فیصلہ کرنے والوں کو پاکستان کے حق میں فیصلہ کرنا ہو گا۔ آئندہ الیکشن میں جے یو آئی کو سندھ میں بھرپور کامیابی ملے گی۔
سندھی عوام جاگیرداروں سے تنگ، کوشش ہے آئندہ الیکشن میں دینی اتحاد بنے: غفور حیدری
Sep 18, 2017