لاہور(نیوز رپورٹر) یوتھ فورم فار کشمیر کے سربراہ سابق وزیراعظم / چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی فائلوں میں گذشتہ چھ عشروں سے پڑا ہوا ہے بلکہ اسے دبادیا گیا ہے ۔بھارتی درندوں کو معصوم کشمیریوں پر ظلم کا لائسنس دے دیا گیا ہے جو بنیادی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رتے ہوئے آئے روز نہتے بچوں ، بوڑھوں ، عورتوں اورنوجوان پر تشدد کر رہے ہیں۔سفاک اور انتہا پسند مودی جو کہ ایک دہشت گرد تنظیم کا رُکن بھارت کا وزیراعظم بنا ہے اُس نے بھارتی فوجی درندوں کو کشمیریوں کی نسل کشی پر لگا رکھا ہے جبکہ دوسری جانب برما میں بدھ مت کے انتہا پسندوں کو اُکسا کر مسلمانوں کا قتل عام کروا رہا ہے۔انسانی حقوق کی تنظمیں اور امن کے علمبردار بھارت کی مکروہ کاروائیوں پر خاموش ہیں ۔یواین میں مسئلہ کشمیر کو بھارت لے کر گیا اور دنیا سے وعدہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دے گا۔اقوام متحدہ کے مستقل ارکان ممالک پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں پر عمل درآمد کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔