پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمشن میں 7سال کے پارٹی اکاﺅنٹس کی تفصیلات جمع کرا دیں جبکہ پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانے کی رسید مانگنے پر چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے وکیل ثقلین حیدر کو جھاڑ پلا دی۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں بینچ نے تحریک انصاف کی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کی۔پی ٹی آئی کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کی جانب سے تحریک انصاف کے خلاف 2 درخواستیں دائر کی گئی ہیں ، ایک درخواست غیر ملکی فنڈنگ اور دوسری پارٹی فنڈ میں مالی بے ضابطگیوں سے متعلق ہے۔تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق الیکشن کمشن میں پیش ہوئے اور سربمہر 5 جلدوں میں اکاﺅنٹس کی تفصیلات جمع کرائیں جس میں 2010 سے 2017 تک کے اکاﺅنٹس کی تفصیلات ہیں۔تحریک انصاف کے وکیل فیصل چودھری نے سماعت کے دوران کمشن کو بتایا کہ ہم نے سات سال کی تفصیلات فراہم کردی ہیں جس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا یہ وہی تفصیلات ہیں جو سپریم کورٹ میں جمع کرائیں؟تحریک انصاف کے وکیل نے کہاکہ جی ہاں یہ وہی تفصیلات ہیں جو سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ سیل بند بنڈلز پی ٹی آئی کے نمائندے کی موجودگی میں الیکشن کمشن کی لیگل برانچ کھولے گی جس پر پی ٹی آئی کے دوسرے وکیل ثقلین حیدر نے کہا کہ ہمیں پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانے کی رسید دی جائے۔چیف الیکشن کمشنر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا ہم یہاں کوئی آڑھتی بیٹھے ہوئے ہیں ،یہ ریکارڈ جمع کرانا ہماری ذمہ داری تھی یا آپ کی، آپ ہمیں ریکارڈ جمع کرانے کے پابند ہیں، کوئی رسید نہیں ملے گی۔چیف الیکشن کمشنر کی برہمی پر پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے ان سے معذرت کر لی۔پی ٹی آئی کے وکیل نے الیکشن کمشن سے اکاونٹس کی تفصیلات مخالف فریق کو نہ دینے کی درخواست کی جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کی رولنگ ہے کہ ویب سائٹ پر اثاثوں کی تفصیلات جاری ہونی چاہئیں، ہم سے تو گزشتہ دنوں میں بہت سے لوگوں نے اثاثوں کی نقول حاصل کی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آج لڑنے کا دن نہیں، صرف تفصیلات جمع کرانے کا دن ہے اور آپ کا ہائی کورٹ میں یہ کیس اب کب لگا ہے جس پر وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ ہائی کورٹ میں کیس کی تاریخ 10 اکتوبر ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کیس کی مزید سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابرنے کہا کہ پی ٹی آئی کی دستاویزات جعلی ہیں، ان کا پول کھولیں گے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کو اب بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ پارٹی فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے زیر سماعت ہے لیکن آج پی ٹی آئی نے الیکشن کمشن میں وہی دستاویزات جمع کرائیں جو سپریم کورٹ میں دی تھیں ، پی ٹی آئی کی دستاویزات میں منی ٹریل نہیں ہے۔