صدارتی خطاب‘ شہباز شریف‘ زرداری‘ وزیراعلی خیبر پی کے کی عدم شرکت‘ وزیراعظم‘ وزیر خارجہ کا ایک جیسا لباس‘ سراج الحق عمران سے ملنے کیلئے انتظار کرتے رہے

Sep 18, 2018

اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت عارف علوی کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے شرکت نہ کی۔ حکومتی جماعت تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ کی بھی مشترکہ اجلاس میں عدم دلچسپی نظر آئی، پی ٹی آئی کے متعدد ارکان تاخیر سے ایوان میں آئے جبکہ اپوزیشن کے واک آﺅٹ کے بعد تحریک انصاف کے بھی متعدد ارکان بھی صدر کا خطاب سننے کی بجائے گیلریوں میں چلے گئے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مشترکہ اجلاس میں ایک جیسا لباس پہن کر آئے۔ دونوں نے سکائی بلو رنگ کے ایک جیسی شلوار قمیض پہن رکھی تھی جبکہ کالے رنگ کی واسکٹ بھی زیب تن کی ہوئی تھی، تاہم جوتوں کے معاملے پر دونوں میں ہم آہنگی نظر نہ آئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کسی اپوزیشن رکن سے آگے بڑھ کر خود مصافحہ نہ کیا، وزیر اعظم عمران خان سے مصافحہ کرنے کیلئے امیر جماعت اسلامی انتظار میں کھڑے رہے، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے آگے بڑھ کر وزیر اعظم کی توجہ سراج الحق کی جانب مبذول کروائی جس پر عمران خان نے امیر جماعت اسلامی سے مصافحہ کیا۔
عدم شرکت

مزیدخبریں