محرم الحرام ہمیں امن ،اخوت بھائی چارے اور صبر کا درس دیتا ہے: رانا اسد اللہ

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) سابق امیدوار صوبائی اسمبلی انجینئر رانا اسد اللہ خاں نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں امن ،اخوت بھائی چارے اور صبر کا درس دیتا ہے ، ماہ محرم میں امن کا قیام یقینی بنانے کیلئے پوری قوم اتحاد کا مظاہرہ کرے، واقعہ کربلا تاریخ انسانی کا ایک دلخراش واقعہ ہی نہیں بلکہ ظلم بربریت اور درندگی کی ایک ایسی داستان ہے جسے کبھی فراموش نہیںکیا جاسکتا۔ انہوںنے کہا کہ نفاذ عدل اور انسان کے بنیادی حقوق کی بحالی کیلئے نواسہ رسول ؑ نے جو لازوال قربانی دی وہ مسلمانوں کیلئے تاقیامت مشعل راہ رہے گی، انہوںنے کہاکہ محرم الحرام شہادتوں حق گوئی اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا عظیم درس دیتا ہے جس پر عمل کرنے سے انسانوں کی بقاء سلامتی اور اقوام عالم میں اتحاد و یگانگت کا جذبہ زندہ رہ سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اتحاد امت کیلئے ہم سب کومتحد ہوکر میدان میں نکلنا ہوگا۔ ملک دشمن قوتیں فرقہ واریت پھیلاکر وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں پاکستان کو پر امن ، مستحکم بنانے کیلئے،امن،محبت ،بھائی چارہ کی فضاء کو قائم کرنا ہوگا، انہوں نے تمام مسالک سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر کو اپنی صفوں میں شامل نہ ہونے دیں محرم الحرام میں ملک کی فضاء کو خوشگوار بناکر شرپسندوں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملادیں۔

ای پیپر دی نیشن