لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے اقدامات قابل تحسین مگر سپریم کورٹ میں التوا ء کے شکار مقدمات پر بھی نظر ثانی فرمائیں ۔چیف جسٹس کے اقدامات سے پاکستان کو ایک نئی سمت اور خدمت انسانیت کی راہ ملی ہے ۔سیاسی جماعتوں کے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ ملک وقوم کی بہتری کے لئے اپنی نیت شفاف بنائیں ۔ سپریم کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں ہزاروں مقدمات التوا ء کا شکار ہیں جس کی بنیادی وجہ عدالتی نظام میں جدید دور کے اعتبار سے تبدیلیوں کا نا ہونا ہے ۔سوشل میڈیا یا خبارات و ٹی وی پر چلنے والی ویڈیوز پر مقدمات کا درج ہونا قابل تحسین امر ہے ۔نئے ڈیم پاکستان کے عوام کی زندگی ہیں مگر اداروں کو مستحکم کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں ،پولیس کا نظام بہتر کرنا ہوگا۔بیگم کلثوم نواز کی میت اور جنازہ پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی سیاست قابل مذمت ہے ،جنازوں پر سیاست قابل رحم امر ہے۔
چیف جسٹس ماتحت عدالتوں میں زیرالتواء مقدمات نمٹانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کریں: شاداب رضا
Sep 18, 2018