بیجنگ (اے پی پی) چین کے وزیر خارجہ کے گزشتہ ہفتہ پاکستان کے سرکاری دورہ کے موقع پر پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران ان کے بین الاقوامی امور ‘ دفاع سمیت خطے کی سلامتی کے حوالے سے کئے گئے مذاکرات انتہائی کامیاب رہے ہیں، اس دورہ سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ بین الاقوامی جریدے گلوبل ٹائمز میں چھپنے والے ایک آرٹیکل کے مطابق تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں پاکستان اور چین ایک دوسرے کے لئے انتہائی اہمیت اختیار کرتے جارہے ہیں، بین الاقوامی سیاسی و جغرافیائی معاملات کے نتیجہ میں بھی پاک چین دوطرفہ تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ مضمون کے مطابق چین کی حکومت نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کی نئی منتخب حکومت سے رابطہ کیا جائے اور اس سلسلے میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے اعلیٰ سطح کے ایک وفد کے ہمراہ گزشتہ ہفتے پاکستان کا دورہ کیا اور اپنے دورہ کے دوران انہوں نے صدر مملکت ‘ وزیراعظم اورآرمی چیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں بین الاقوامی امور دفاع اور خطے کی سلامتی کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا اعادہ کیا گیا۔ چینی وزیرخارجہ کے دورہ کے دوران افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر افغانستان کے استحکام اور ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مضمون کے مطابق چین پہلے ہی پاکستان کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کے تحت کئی منصوبوں پر کام کررہا ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیوںاور اقدامات کے باوجود پاکستان کو امریکہ کی جانب سے کئی مسائل کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب چین نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں کی بھرپور معاونت کی ہے۔اپنے دورہ پاکستان کے دوران چین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے افغانستان اور خطے کے امن و سلامتی کے لئے کی جانی والی موثر کوششوں کو سراہا ۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے دورہ کے دوران کئی مواقع پر اس بات کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین بہترین دوست‘ بہترین شراکت دار اور بہترین ہمسایہ ہیں۔
تیزی سے بدلتی عالمی صورتحال میں پاک چین دوستی اہمیت اختیار کرر ہی ہے: گلوبل ٹائمز
Sep 18, 2018