قراقرم یونیورسٹی میںزراعت کی تحقیق و ترقی کے موضوع پر ایک روزہ سیمنارکا انعقاد

اسلام آباد(نا مہ نگار)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ ایگری اینڈ فوڈ ٹیکنالوجی کے زیراہتمام گلگت بلتستان میں زراعت کی تحقیق و ترقی کے امکانات کے موضوع پر ایک روزہ سیمنار منعقد ہوا۔ سیمنار میں یونیورسٹی آف کاسل جرمنی کے محققین ڈاکٹر مارٹن وہیلے، مسٹر رچرڈ ڈھیلم کے علاوہ شعبہ کے اساتذہ ، طلباء اور محکمہ زراعت گلگت بلتستان کے ماہرین نے شرکت کی۔ سیمنار کا مقصد گلگت بلتستان میں زرعی تحقیق کے اہم شعبوں کا تعین اور زرعی ترقی کے امکانات پر غورو خوص اور مواقع تلاش کرنا تھا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ ، ڈاکٹر مارٹن وہیلے ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سرتاج علی، کاسل یونیورسٹی آف جرمنی کے ریسرچ سکالر ارسلان نواز اور محکمہ زراعت گلگت بلتستان کے سائنٹفیک آفیسر ہمت علی شاہ نے اپنے ریسرچ مقالے پیش کیئے۔ سیمنار میں شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر ناصر قیوم نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اس سے قبل یونیورسٹی آف کاسل جرمنی کے وفد نے ڈاکٹر سرتاج علی کی قیادت میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ سے ملاقات کی۔ وائس چانسلر نے وفد کو KIUمیں زرعی تحقیق و ترقی سے متعلق حالیہ پیش رفت اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے آگاہ اور دونوں جامعات کے مابین مستقبل میں تعاون اور اشتراک عمل کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر مارٹن نے وائس چانسلر کو یقین دلایا کہ وہ دونوں جامعات کے مابین تعاون کو آگے بڑھانے میں سنجیدگی سے کام کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن