مکرمی! حکومت نے حال ہی میں بجلی کے فی یونٹ میں 1.69 روپے فی یونٹ اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس طرح پاکستانی غریب عوام پر 24 ارب روپے کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ بجلی کے ریٹ تقریباً سال میں تین چار مرتبہ بڑھائے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں مزید سکت باقی نہ رہی ہے کہ وہ ہر ماہ ہزاروں کے بجلی کے بل ادا کر سکے۔ اس بے تحاشا اضافہ کی مثال یوں ہے کہ 300 یونٹ کے استعمال کے بعد 17 روپے فی یونٹ ادا کرنا پڑتا ہے اس طرح گرمیوں میں ہر صارف کا بل بجلی دس ہزار روپے تقریباً آ رہا ہے جو ایک معمولی محنت کش معمولی سرکاری ملازم کے بس کا روگ نہ ہے بلکہ کسی کے بس کا روگ نہ ہے۔ بجٹ کے بعد ملک میں تمام اشیائے ضرورت کی قیمتیں بہت بڑھ چکی ہیں اوپر سے بل بجلی اور گیس کے بلوں کی وجہ سے رہی سہی کسر نکال دی گئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی خدمت میں استدعا ہے کہ وہ اپنی 22 کروڑ غریب عوام کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے بجلی کے حالیہ اضافہ کو فوری واپس لینے کا حکم صادر کریں۔ (سید لطف علی بخاری موچھ میانوالی)