عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے جا رہے ہیں‘ حکومت ناکام ہو گئی: سراج الحق

Sep 18, 2019

لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم شہری تو پاکستان کے ہیں مگر حکومت نے آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے۔ حکومت آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے ۔ معاشی اصلاحات کے نام پر لوگوں کو کنگال کیا جا رہا ہے۔ آئے روز ایک نیا بجٹ آ رہا ہے۔ معاشی زبوں حالی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ روزگار کے مواقع ختم اور تجارت ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ سرمایہ کار ملک سے بھاگ رہے ہیں۔ اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کی قوت خرید ختم کر دی ہے۔ مہنگائی کی ٹرین بے قابو اور حکمران پٹڑی سے اتر گئے ہیں۔ حکمرانوں کے چہرے کا سرخی پائوڈر اتر چکاہے ۔کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کے خلاف حقوق انسانی کے عالمی ادارے بے بسی کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں نیٹ ور ک فار ہیومن رائٹس اینڈ جسٹس کے چیف کوآرڈی نیٹر چوہدری رضوان اکرم کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اداکاری اور فنکاری سے قوم کا پیٹ نہیں بھرتا، حکومت کو مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ چند وزیروں کو تو روزگار مل گیا ہے مگر پوری قوم بے روزگار ہو گئی ہے۔ موجودہ حکومت بھی اسٹیٹس کو کی محافظ اور سابقہ حکومتوں کا ہی تسلسل ہے۔ حکومت میں بیٹھے پی پی اور مشرف کے لوگ وہی کریں گے جو پہلے کرتے رہے ہیں۔ حکومت ناکام ہو گئی۔ حکومت کی تیرہ ماہ کی کارکردگی نے عوام کی توقعات کا خون کیا ہے۔ عام آدمی سخت مایوسی اور پریشانی کاشکار ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں ایک پرامن انقلاب کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں