لوٹ کھسوٹ کا پیسہ واپس لیے بغیرکسی سے ڈیل نہیں کرینگے:فردوس اعوان

اسلام آباد: مشیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کا ایک نکاتی ایجنڈا’’مسئلہ کشمیر‘‘کو اجاگر کرنا ہے، مریم نواز کے بارے میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کریں گے۔
تمام افواہ سازفیکٹریوں سے کہتی ہوں کسی قسم کی ڈیل نہیں ہورہی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کشمیریوں کے سفیربن کرامریکا جا رہے ہیں، جنرل اسمبلی خطاب میں مسئلہ کشمیرکوبھرپورطریقے سے اجاگرکرینگے۔ دورے کے دوران اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ میں فیصلہ کیا گیا کہ میڈیا کے شفاف کردار کو فروغ دیا جائے، کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ’’خصوصی میڈیا ٹربیونلز‘‘قائم کیے جائیں، ٹربیونلزکا مقصد میڈیا سے متعلق شکایات کا جلد ازالہ کرنا ہے۔ خصوصی میڈیا ٹربیونل شکایات کا 90 دن میں فیصلہ کرنے کے پابند ہونگے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ خصوصی میڈیا ٹربیونلزکی سرپرستی اعلیٰ عدلیہ کرے گی۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون بن چکا ہے۔ وزیراعظم میڈیا کی آزادی پریقین رکھتے ہیں۔

الیکشن کمیشن میں مریم نواز کے فیصلے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری رائے میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مریم نوازسزا یافتہ ہیں۔ سابق وزیراعظم کی بیٹی سزا یافتہ کسی عہدے کے لیے اہل نہیں ہیں۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدارت کے لیے مریم نواز سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کریں گے۔ تمام افواہ سازفیکٹریوں سے کہتی ہوں کسی قسم کی ڈیل نہیں ہورہی۔ لوٹ کھسوٹ کا پیسہ واپس لیے بغیرکسی سے ڈیل نہیں کرینگے، پلی بارگین کریں ہماری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔

ای پیپر دی نیشن