پاکستان کیساتھ ملکر کام کرتے رہیں گے، چین صدر کا عمران خان کو پیغام

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا۔ وزیراعظم نے سعودی آئل تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ دونوں رہنماؤں میں سعودی عرب میں حالیہ تخریب کاری کے واقعات پر تبادلہ خیال ہوا۔ عمران خان نے شہزاد محمد بن سلمان سے گفتگو میں کہا کہ تخریب کاری سے سعودی عرب کی سکیورٹی اور عالمی معیشت کو خطرہ ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے مزیدکہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، سعودی عرب کے امن اور عالمی معیشت کو نشانہ بنانے کی ہر کوشش کا مقابلہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم سے بات چیت کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب تخریب کاروں کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ سعودی آئل تنصیبات پر حملوں کی ذمہ داری حوثی باغیوں نے قبول کی جب کہ امریکی صدر نے اس کا الزام ایران پر لگاتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ ہتھیار بند اور نشانہ بند ہے صرف سعودی عرب کے جواب کا انتظار ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیر یائو جنگ نے اہم ملاقات کی۔ چینی سفیر نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم نے اس پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کو پیغام میں چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی مل کر کام کرتے رہیں گے۔ پاکستان اور چین کی روایتی دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دی گئی سہولیات پر غور کیا گیا اور وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں، انفراسٹرکچر کی ترقی، توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حصول کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا، چینی اور روسی کمپنیوں نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی میں دلچسپی ظاہر کی ہے، ان کمپنیوں کی جانب سے کی گئی پیشکش کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر چل رہا ہے، حکومت سرمایہ کاری کے حصول کے لیے سہولیات اور کاروبار میں آسانیاں دے رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مراعات سمیت کاروبار میں آسانیاں پیدا کریں گے۔ عمران خان نے خصوصی اقتصادی زونز میں گیس بجلی اور سڑکوں کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی کی ہدایت کی۔چینی صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم عمران خان کو انکی آنے والی سالگرہ پر تہنیتی پیغام پہنچایا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید تقویت دینے اور سی پیک کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں، سی پیک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مددگار ثابت ہوگا، منگل کو وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیر یائو جنگ نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ سرکاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ چینی سفیر نے چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو انکی آنے والی سالگرہ پر تہنیتی پیغام پہنچایا۔

ای پیپر دی نیشن