مریم نواز پارٹی نائب صدر برقرار،الیکشن کمشن: فیصلہ چیلنج کرینگے، فردوس عاشق

Sep 18, 2019

اسلام آباد، لاہور (صباح نیوز، اپنے نامہ نگار سے) الیکشن کمشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مریم نواز کو پارٹی نائب صدر کے عہدے سے ہٹانے کے لئے دائر درخواست مسترد کر دی۔ الیکشن کمشن نے قرار دیا ہے کہ مریم نواز شریف پارٹی نائب صدر کے عہدے پر برقرار رہیں گی۔ الیکشن کمشن نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ رکھنے کے لئے اہل قرار دے دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے گزشتہ روز فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چار ارکان قومی اسمبلی ملیکہ علی بخاری، کنول شوزب، میاں فرخ حبیب اور جویریہ ظفر نے مریم نواز شریف کی بطور پارٹی نائب صدر تقرری کو چیلنج کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حسن مان اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر خان جدون اور مریم نواز شریف کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ خان بطور وکیل پیش ہوئے۔ الیکشن کمشن نے قرار دیا ہے۔ مریم نواز پارٹی نائب صدر برقرار رہ سکتی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے پاس پارٹی نائب صدارت کا عہدہ بظاہر بے اختیار اور غیر فعال لگتا ہے اس لئے وہ یہ عہدہ رکھ سکتی ہیں۔ الیکشن کمشن نے قرار دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے نواز شریف کے پارٹی صدارت کے حوالہ سے فیصلہ کا مریم نواز پر اطلاق نہیں ہوتا۔ الیکشن کمشن نے قرار دیا مریم نواز قائمقام صدارت کا عہدہ نہیں سنبھال سکیں گی۔ الیکشن کمشن نے قرار دیا ہے کہ جب تک مریم نواز کی رکن اسمبلی بننے کے حوالہ سے نااہلی برقرار اور سزا برقرار ہے اس وقت تک وہ پارٹی صدر نہیں بن سکتیں اور ایسا عہدہ نہیں رکھ سکتیں جس کے پاس اختیارات ہوں۔ الیکشن کمشن نے قرار دیا ہے کہ مریم نواز پارٹی کا کوئی بھی فنکشنل عہدہ قبول نہ کریں۔ چیف الیکشن کمشنر نے درخواست پر فیصلہ سنایا ۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد مریم نواز کے وکیل بیرسٹر ظفراللہ خان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کمشن میں گزارش کی تھی کہ پاکستان کے آئین اور قانون میں کہیں بھی اس بات پر پابندی نہیں ہے کہ مریم نواز پارٹی کی نائب صدر بنیں۔ ان کا کہنا تھا یہ پابندیاں 1959میں مارشل لاء میں لگائی گئی تھیں، پھر 1960کے مارشل لاء میں لگائی گئی تھیں اور پھر ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت نے یہ پابندیاں ختم کر دی تھیں اور 2017میں جب پاکستان کی پارلیمان نے نیا الیکشن ایکٹ بنایا جس میں بشمول پی ٹی آئی کے سب شامل تھے اس میں بھی یہ پابندی نہیں تھی کہ کوئی آدمی جو سزا یافتہ ہو وہ پارٹی کا عہدہ نہیں رکھ سکتا۔ ایسی کوئی شرط پاکستان کے قانون میں نہیں ہے۔ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ الیکشن کمشن نے ہماری گزارشات کو قبول کیا اور انہوں نے پی ٹی آئی کی درخواست خارج کر دی۔ مریم نواز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن)کے دستور کے مطابق پارٹی کی نائب صدر رہیں گی۔ انصاف کے مطابق فیصلہ کرنے پر ہم الیکشن کمشن کے مشکور ہیں۔
مریم نواز

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت مریم نوازسے متعلق الیکشن کمشن کا فیصلہ چیلنج کرے گی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں 19 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت مریم نواز کی نائب صدارت برقرار رکھنے کا الیکشن کمشن کا فیصلہ چیلنج کرے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ ہے کہ سزا یافتہ شخص کسی عہدے پر فائز نہیں ہو سکتا۔ اس فیصلے میں مانا گیا ہے کہ مریم نواز سزا یافتہ ہیں، اور وہ کسی جلسے جلوس اور سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتیں۔ الیکشن کمشن کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔
فردوس عاشق

مزیدخبریں