میگامنی لانڈرنگ کیس،نیب کا مرادعلی شاہ کوآئندہ ہفتے اسلام آباد طلب کرنے کافیصلہ

اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی احتساب بیورو(نیب) نے جعلی اکاونٹس اورمیگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو آئندہ ہفتے اسلام آباد میں طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،نیب کی جانب سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ جعلی اکاونٹس اورمیگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں طلبی کے باوجود نیب میں پیش نہ ہوئے ، نیب نے وزیراعلی سندھ کو آئندہ ہفتے اسلام آباد میں طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جعلی اکاونٹس اورمیگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں نیب کراچی نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو منگل کی صبح گیارہ بجے طلب کیا تھا تاہم نیب کی تحقیقاتی ٹیم وزیراعلی سندھ کی کراچی نیب دفتر میں راہ تکتی رہی اور مراد علی شاہ تقاریب میں شریک ہوتے رہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے وزیراعلی سندھ کو آئندہ ہفتے طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وزیراعلی سندھ نیب اسلام آباد میں اپنابیان ریکارڈ کرائیں گے۔نیب نے وزیراعلی پاورپلانٹ تعمیرات میں سبسڈی کی تحقیقات کیلئے طلب کیا تھا اور غیرقانونی ٹھیکے ،اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق بھی سوالات پر پوچھ گچھ ہونا تھی ، وزیراعلی پر سکرنڈ، کھوسکی، دادو، ٹھٹھہ شوگرملز کوغیرقانونی سبسڈی دینے کاالزام ہے۔واضح رہے جعلی بینک اکاونٹس کیس میں آصف زرداری اورفریال تالپور سمیت تقریبا تمام بڑینام زیرحراست اور پیشیاں بھگت رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن