کراچی(اسپورٹس رپورٹر)کیریبین پریمیئر ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ میں جمیکا تلاواز نے بارباڈوس ٹریڈینٹس کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر لیگ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ کپتان والٹن نے ناقابل شکست نصف سنچری سکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کنگسٹن میں کھیلے گئے سی پی ایل کے ایک میچ میں بارباڈوس ٹریڈینٹس کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 140رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے جمیکا تلاواز کو میچ می کامیابی کے لئے 141 رنز کا ہدف دیا۔ایشلے نرسی 37اور پال ڈومنی 31رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان جیسن ہولڈر کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔جمیکا تلاواز کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظاہر خان نے 3، وارکر اور لیویز نے 2،2 وکٹیں لیں۔ جواب میں جمیکا تلاواز نے کپتان والٹن کی ناقابل شکست 51 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 18.3ویں اوورز میں 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ والٹن نے ناقابل شکست 51رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، فلپس نے 28، جویلی گلن نے 27 اور کرس گیل نے 22 رنز بنائے۔ ہولڈر اور ہیڈن والش نے دو،دو وکٹیں لیں۔ والٹن کو ناقابل شکست نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کیریبین پریمیئر لیگ، جمیکا تلاواز نے بارباڈوس ٹریڈینٹس کو ہرا دیا
Sep 18, 2019