سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز،قومی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ کل سے شروع ہوگا

Sep 18, 2019

کراچی(اسپورٹس رپورٹر) سری لنکا کے خلاف تیاریوں کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ (کل)جمعرات سے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، سینئر کھلاڑیوں شعیب ملک اور محمد حفیظ کو نظر انداز کردیا گیا۔سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جمعرات سے شروع ہوگا، طلب کردہ 20 کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بدھ کو کیمپ میں رپورٹ کریں۔ اطلاعات ہیں کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے دو الگ الگ ٹیموں کا اعلان سرفراز احمد کی قیادت میں 21 ستمبر کو ہوگا۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ٹیموں کا اعلان کریں گے۔ توقع ہے کہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں شعیب ملک کی جگہ کو پر کرنے کے لئے عمراکمل کو موقع دیا جائے گا۔ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم سے محمد حفیظ اور شعیب ملک کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم 24 ستمبر کو کراچی روانہ ہوگی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ دوسرا ون ڈے 29 ستمبر اور تیسرا اور آخری ون ڈے 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہے۔سری لنکا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز 5 اکتوبر سے 9 اکتوبر تک لاہور میں جاری رہے گی۔

مزیدخبریں