ڈیوس کپ، بھارت کا نئے سرے سے سکیورٹی جائزہ لینے کامطالبہ

کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کیلئے آئی ٹی ایف کی جانب سے نئی تاریخوں کے اعلان کے باوجود آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کا اصرار ہے کہ 4نومبر کو سکیورٹی کا نئے سرے سے جائزہ لینے پر ہی اس بات کا تعین ہو سکے گا کہ ڈیوس کپ مقابلے اسلام آباد میں ہی ہوں گے یا انہیں کسی اور جگہ منتقل کرنا ہوگا،انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو 19نومبر تک کا وقت دیا ہے تاکہ وہ حتمی تاریخ کے حوالے سے کھیل کی عالمی فیڈریشن کو آگاہ کر سکے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے اور شیڈول میں تبدیلی کے بعد بھی پاکستان ہی مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔ایشین اوشیانا گروپ ون کے ٹائی مقابلے اسلام آباد کے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں 14 اور 15 ستمبر کو منعقد ہونا تھے، جس میں شرکت کے لیے جولائی میں بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق بھی کی تھی لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ کشیدہ تعلقات اور سکیورٹی صورتحال کے سبب دونوں ملکوں کے درمیان ڈیوس کپ ٹینس ٹائی ملتوی کردیا گیا تھا تاہم اب ڈیوس کپ ٹائی کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان 29 یا 30نومبر کو مقابلے ہوں گے تاہم اس سے قبل ایک مرتبہ سکیورٹی کا جائزہ لیا جائے ۔

ای پیپر دی نیشن