پاکستان کشمیری بھائیوں کےحقوق کےتحفظ کےلئےہمیشہ اُن کےشانہ بشانہ رہےگا:چیئرمین سینیٹ

 سینٹ کےچیئرمین صادق سنجرانی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہمیشہ اُن کے شانہ بشانہ رہے گا۔

 وہ کشمیر کے بارے میں ارکان پارلیمنٹ کی قومی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے جو اسلام آباد میں جاری ہے ، کانفرنس میں منتخب نمائندوں سمیت معاشرے کے مختلف طبقوں کے افراد شریک ہیں۔

 چیئرمین سینٹ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران ہے اور اس کانفرنس کا مقصد عالمی برادری کو اس بات پر قائل کرنا ہے کہ وہ مقبوضہ وادی میں کشمیری عوام تک انسانی امداد کی رسائی یقینی بنائے۔

 اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ بھارت کے خطےمیں جارحانہ عزائم ہیں اور پاکستان ہی اس کے راستے میں واحد رکاوٹ ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی اعلیٰ اخلاقی اقدار پر قائم ہے کیونکہ اس نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی مسلح افواج پر مکمل اعتماد ہے اور پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے۔

جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے کشمیری عوام کی طرف سے اپنے حق خودارادیت کےلئے دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

 انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے ہر طرح کے ظالمانہ اور جابرانہ ہتھکنڈوں کےخلاف ثابت قدمی سےکھڑے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن